تربیت یافتہ نمائندے شہریوں کو فرسٹ ایڈ کے ضروری اقدامات سے آگاہ کریں گے
لاہور(کرائم رپورٹر)پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی نے ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 پر ’’فرسٹ ایڈ گائیڈنس سروس‘‘ کا آغاز کر دیا۔ ہنگامی صورتحال میں شہری 15 پر کال کرکے ابتدائی طبی امداد سے متعلق فوری رہنمائی حاصل کر سکیں گے۔ترجمان سیف سٹی کے مطابق ریسکیو ٹیم کے پہنچنے یا متاثرہ شخص کو ہسپتال منتقل کرنے تک کا وقت انتہائی اہم ہوتا ہے، ایسے میں درست ابتدائی طبی رہنمائی قیمتی جان بچانے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 پر موجود تربیت یافتہ نمائندے ہنگامی صورتحال کی نوعیت کے مطابق شہریوں کو فرسٹ ایڈ کے ضروری اقدامات سے آگاہ کریں گے۔ ضرورت پڑنے پر شہری کو ایک لنک بھی فراہم کیا جائے گا، جس کے ذریعے ویڈیو پر بھی فرسٹ ایڈ گائیڈنس حاصل کی جا سکے گی۔ترجمان نے بتایا کہ ویڈیو کے ذریعے تربیت یافتہ نمائندہ صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے شہری کو ضروری ابتدائی اقدامات کے بارے میں رہنمائی فراہم کرے گا۔ ٹریفک حادثات، ہارٹ اٹیک، فالج، جلنے، کرنٹ لگنے، ڈوبنے، بے ہوشی اور جانور کے کاٹنے سمیت مختلف ہنگامی صورتحال میں یہ سہولت دستیاب ہوگی۔سیف سٹی ترجمان کا کہنا ہے کہ شہری اور دیہی علاقوں میں ہنگامی صورتحال کے دوران ابتدائی طبی امداد سے متعلق رہنمائی 15 کے ذریعے حاصل کی جا سکے گی۔ فرسٹ ایڈ گائیڈنس کا مقصد ریسکیو یا طبی امداد پہنچنے تک قیمتی وقت کو مؤثر انداز میں استعمال کرنا ہے۔ترجمان نے واضح کیا کہ فرسٹ ایڈ گائیڈنس طبی علاج یا ریسکیو 1122 کا متبادل نہیں بلکہ طبی امداد پہنچنے تک ضروری ابتدائی اقدامات کے لیے رہنمائی فراہم کرنے کی سہولت ہے۔شہری کسی بھی ہنگامی صورتحال میں 15 پر کال کریں، 4 دبائیں اور فرسٹ ایڈ گائیڈنس حاصل کریں