کراچی کے علاقے ملیر میں صبح 9 بج کر 34 منٹ پر زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق زلزلے کی شدت 3.2 اور گہرائی 10 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی، جب کہ اس کا مرکز ملیر کے شمال مغرب میں تھا۔ خوش قسمتی سے کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی، تاہم شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
ماہرین کے مطابق زلزلوں کی وجوہات:
زمین کی تہہ مختلف پلیٹوں پر مشتمل ہے، جن کی حرکت سے زلزلے پیدا ہوتے ہیں۔ پاکستان کا دو تہائی علاقہ فالٹ لائنز پر واقع ہے، جس کی وجہ سے یہاں زلزلے کا خطرہ ہمیشہ موجود رہتا ہے۔ ملک کے حساس ترین علاقے کشمیر اور گلگت بلتستان شمار ہوتے ہیں، جبکہ کراچی سے لے کر اسلام آباد، کوئٹہ، پشاور اور مکران تک تمام شہر زلزلوں کی زد میں آتے ہیں۔ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر کسی علاقے میں بڑا زلزلہ آئے تو دوبارہ وہاں بڑی شدت کا زلزلہ آنے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔ پاکستان زلزلے کے اعتبار سے دنیا کے پانچ حساس ترین ممالک میں شمار ہوتا ہے۔