کراچی کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جس کے بعد شہری خوفزدہ ہو کر گھروں اور عمارتوں سے باہر نکل آئے۔
رپورٹس کے مطابق لانڈھی، خرم آباد، ملیر اور کورنگی سمیت مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 4 ریکارڈ کی گئی جبکہ اس کی گہرائی 10 کلو میٹر تھی۔ زلزلے کا مرکز کراچی کے جنوب میں تقریباً 100 کلو میٹر دور بتایا گیا ہے۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق زلزلے کے باعث کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ جھٹکوں کے بعد اہلِ علاقہ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے احتیاطاً گھروں سے باہر نکل آئے۔