گندم اور سیلاب پر سیاست کریں گے تو جواب بھی ملے گا:مریم اورنگزیب

مریم نواز کا مینڈیٹ ہے  وہ پنجاب کے عوام کی آواز بنیں اور ان کے حق کا دفاع کریں
بلاول بھٹو نے وزیر اعلیٰ مریم نواز کی سیلاب سے نمٹنے اور متاثرین کی مدد پر تعریف کی:سینئر وزیر پنجاب
لاہور(خصوصی رپورٹر)پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے  پاکستان پیپلز پارٹی  کے دوست سیلاب کی شدت اور پنجاب کے سب سے بڑے ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن سے اچھی طرح آگاہ ہیں لیکن جب ترجمان گندم اور سیلاب پر سیاست کریں گے تو جواب بھی ملے گا۔ پی پی پی ترجمان گندم اور سیلاب پر سیاست کریں گی تو جواب بھی ملے گا، پی پی پی ترجمانوں نے بلاجواز تنقید کی تو جواب سننے کا حوصلہ بھی رکھیں۔ گندم اور سیلاب پر بلاجواز سیاسی بیان بازی کی ہے تو جواب بھی سننا پڑے گا، ریکارڈ گواہ ہے کہ سیلاب اور گندم پر سیاست پی پی پی کے ترجمانوں نے شروع کی، مسلم لیگ (ن) کے کسی ترجمان نے کبھی کسی صوبے کی ترقی پر سیاسی بیان بازی نہیں کی۔ان کا کہنا تھا کہ رائے دینے میں ، نشان دہی کرنے میں اور سیلاب زدگان اورتاریخ کے بدترین سیلاب کی صورتحال پر سیاست کرنے میں فرق ہوتا ہے۔  مریم نواز کا مینڈیٹ ہے  وہ پنجاب کے عوام کی آواز بنیں، ان کے حق کا دفاع کریں، پنجاب کے عوام کا دفاع مریم نواز کا فرض اور حق ہے۔