کرپشن ڈائیگناسٹک اسسمنٹ رپورٹ فوری شائع کی جائے ، حالیہ سیلاب کی وجہ سے پاکستان کی معاشی ترقی کا 4.2 فیصد ہدف متاثر ہونے کا خدشہ ہے
وفاقی حکومت کا سیلاب متاثرین کیلئے 389 ارب کا ریلیف پیکیج تیار‘آئی ایم ایف نے سیلاب سے نقصانات پر بنیادی ضروریات کے تخمینے کی رپورٹ مانگ لی
اسلام آباد (آئی این پی ) آئی ایم ایف نے پاکستان کی معاشی کارکردگی کو معیاری قرار دیتے ہوئے کہا ہے پاکستان نے افراط زر، بجٹ خسارہ ،کرنٹ اکائونٹ خسارہ کنٹرول کرنے کے اہداف حاصل کرلئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان جاری مذاکرات کے پانچویں روز پاکستان کو کئی ایک کامیابیاں ملی ہیں ۔ذرائع نے بتایا کہ عالمی مالیاتی فنڈ نے پاکستان کی معاشی کارکردگی کو معیاری قرار دیتے ہوئے تسلیم کیا ہے کہ پاکستان نے افراط زر، بجٹ خسارہ اور کرنٹ اکائونٹ خسارہ کنٹرول کرنے کے اہداف حاصل کر لئے ہیں جبکہ عالمی ریٹنگ ایجنسی کی جانب سے پاکستان کی درجہ بندی بہتر ہونے پر بھی آئی ایم ا یف نے اطمینان کااظہار کیا ۔تاہم عالمی مالیاتی فنڈ کی پیش گوئی ہے کہ موجودہ سیلاب کی وجہ سے پاکستان کی معاشی ترقی کا 4.2 فیصد ہدف متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ذرائع کا کہنا تھا عالمی مالیاتی فنڈ نے پاکستان سے گورننس اور شفافیت کیلئے کرپشن ڈائیگناسٹک اسسمنٹ رپورٹ فوری پبلش کرنے کا مطالبہ کیا ہے اور بجٹ پراسس کو مزید بہتر بنانے پر زور دیا ہے۔دریں اثناء وفاقی حکومت نے ملک بھر کے سیلاب متاثرین کیلئے 389 ارب روپے کے ریلیف پیکیج کی تیاری مکمل کر لی ۔ آئی ایم ایف نے سیلاب کے باعث نقصانات پر بنیادی ضروریات کے تخمینے کی رپورٹ مانگ لی ہے