تحصیل جانی خیل میں خوارج نے پل تباہ کیا‘ علاقے کے امن و ترقی پر کھلا حملہ ہے:اہل علاقہ
بنوں(آئی این پی)خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں خوارج نے بزدلانہ کارروائی کرتے ہوئے عوامی رابطہ پل دھماکے سے اڑا دیا۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق بنوں کی تحصیل جانی خیل میں خوارج نے دھماکا خیز مواد سے رابطہ پل تباہ کیا ہے۔سیکیورٹی ذرائع نے بتایا ہے کہ مالی خیل تحصیل جانی خیل میں خوارج نے سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر حملے کی کوشش کی۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق خوارج نے رابطہ پل کے نیچے بارودی مواد لگایا، جس کے پھٹنے سے پل مکمل تباہ ہو گیا۔دوسری جانب جانی خیل کے عوام نے خوارج کی جانب سے پل کی تباہی پر شدید ردِعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بزدلانہ کارروائی قابل مذمت اور علاقے کے امن و ترقی پر کھلا حملہ ہے۔