نیوزی لینڈ نے انگلینڈ کو تیسرے ون ڈے میں 2 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں کلین سویپ مکمل کیا ہے۔
یہ سیریز میں نیوزی لینڈ کی ہوم گراؤنڈ پر 17 سال بعد اور مجموعی طور پر 12 سال بعد انگلینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز میں فتح ہے۔میچ ویلنگٹن میں کھیلا گیا، جہاں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا۔ انگلینڈ کی ٹیم 40.2 اوورز میں 222 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ انگلینڈ کے ٹاپ 5 بلے باز صرف 44 رنز کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹ چکے تھے، تاہم جیمی اوورٹن (68)، جوز بٹلر (38)، اور برائیڈن کارس (36) نے ٹیم کو اسکور 222 تک پہنچایا۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے بلیئر ٹکنر نے 4، جیکب ڈفی نے 3، زیک فولکس نے 2، اور مچل سینٹنر نے 1 وکٹ حاصل کی۔ ہدف 44.4 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر پورا کیا گیا، جس میں رچن رویندرا 46، ڈیرل مچل 44، اور ڈیوون کونوے 34 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔انگلینڈ کی جانب سے جیمی اوورٹن اور سیم کرن نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ عادل رشید اور برائیڈن کارس نے ایک ایک وکٹ لی۔ اس فتح سے نیوزی لینڈ نے سیریز میں اپنی برتری ثابت کی اور انگلینڈ کو وائٹ واش کا سامنا کرنا پڑا۔