لاہور (خصوصی رپورٹ)گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ پیپلزپارٹی پنجاب میں بحال ہو چکی ،ایک سال پہلے تک پروگراموں میں پیپلزپارٹی کے 150، 200 بندے اکٹھے ہوتے تھے اب 40 سے 50 ہزار بندے اکٹھے کرنا کوئی مشکل کام نہیں،ہم شہیدوں کے وارث بلاول بھٹو زرداری کو وزیر اعظم بنائیں گے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روز حضرت غازی علم الدین شہیدکے سالانہ عرس کی اختتامی تقریب میں شرکت کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئیکیا۔ سلیم حیدر خان نے کہا کہ چند گھنٹوں کے نوٹس پرہم دس سے پندر ہ ہزار بندے اکٹھے کر کے کوئی بھی پروگرام کر سکتے ہیں،اگلا الیکشن پی پی پی کا ہے، پیپلزپارٹی کا گراف پہلے والی پوزیشن پر آچکا،پیپلزپارٹی پنجاب میں متحرک ہو چکی ،آج سے ایک سال پہلے کی نسبت اب پیپلزپارٹی کے جلسے دیکھ لیں، عوام کا رخ پیپلزپارٹی کی طرف مڑ چکا ہے۔ سلیم حیدر نے مزید کہا غازی علم الدین شہید ؒ کے عرس کی تقریب میں شرکت کے لئے آنا میرے لئے بڑا اعزاز ہے،وہ عظیم انسان تھے،میرے لیے سعادت کی بات ہے میں آج عاشق رسولؒ کے دربار پر حاضری کیلئے آیا ہوں۔دریں اثنا مزار شریف پر گورنر پنجاب کی جانب سے چادر پوشی کی گئی۔