پنجاب بار الیکشن ،کانٹے کا مقابلہ ،پولنگ جاری

 75 نشستوں پر 331امیدوار میدان میں ہیں صوبہ بھر میں 1 لاکھ 32 ہزار300وکلا حق رائے دہی استعمال کر رہے ہیں 
لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک)صوبہ کی سب سے بڑی وکلا تنظیم پنجاب بار کونسل کے الیکشن برائے 2025-2030 کیلئیپولنگ جاری ہے مجموعی طور پر 75 نشستوں کیلئے 331امیدوار، پروفیشنل گروپ اور احسن بھون گروپ کے حمایت یافتہ امیدواروں میں کانٹے دار مقابلہ متوقع، ووٹرز 5سال کیلئے پنجاب بار کونسل کے نمائندے منتخب کریں گے ،چیئرمین الیکشن بورڈ امجد پرویز نے انتخابات کو صاف اور شفاف بنانے کیلئے تمام انتظامات کو حتمی شکل دیدی۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب بار کونسل کے انتخابات آج ہو رہے ہیں اور پورے صوبہ میں 75 نشستوں پر 331 امیدوار الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں صوبہ بھر میں 1 لاکھ 32 ہزار300وکلا ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے، لاہور ڈویڑن میں 42 ہزار 415 وکلا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔پنجاب بھر میں 28 پولنگ سٹیشنز بنائے گئے ہیں ، لاہور ڈویڑن میں 93 امیدواروں کے مابین کانٹے دار مقابلہ ہے ،لاہور ہائیکورٹ میں ووٹنگ کیلئے 52 پولنگ سٹیشنز قائم کئے گئے ہیں اور لاہور ہائیکورٹ کی 29 عدالتوں اور ہائیکورٹ بار کے ہالز پولنگ کیلئے مختص کئے گئے ہیں۔ چیئرمین الیکشن بورڈ امجد پرویز نے پولنگ کے روز احاطہ لاہور ہائیکورٹ میں غیر متعلقہ افراد کا داخلہ بند کردیا ہے، شناختی کارڈ اور پنجاب بار کے کارڈ کی بنیاد پر احاطہ ہائیکورٹ میں داخلے کی اجازت ہوگی، الیکشن کے موقع پر پنجاب بھر کی عدالتیں بند رہیں گی جبکہ سکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کیے گئے ہیں چیئرمین الیکشن بورڈ امجد پرویز نے کہاکہ نتائج کے بعد ہوائی فائرنگ کرنے کے والے امیدوار کو نااہل کردینگے۔