زین قریشی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

عرس میں موجود ،عدالت سے غائب ، پْھونک ماریں کہ وارنٹ ختم ہوں
درباروں پر بیٹھ کر تعویز دھاگا کریں یا مکمل سیاست کر لیں: جج کے ریمارکس
اسلام آباد، لاہور(خصوصی رپورٹ )انسداددہشتگردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا کی عدالت نے سنگجانی جلسہ پر درج مقدمہ میں ایم این اے زین قریشی کے ناقابل وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے عمر ایوب اور زرتاج گل کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع کردی۔گزشتہ روز سماعت کے دوران پی ٹی آئی رہنما علی بخاری کی جانب سے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی گئی جسے عدالت نے منظور کرلیا،عدالت نے طلبی کے باوجود مسلسل عدم پیشی پر زین قریشی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے ریمارکس دئیے کہ زین قریشی عرس میں شامل ہیں لیکن عدالت میں پیش نہیں ہو رہے،اْن سے کہیں کہ کوئی پھونک ماریں کہ عدالت وارنٹ ختم کر دے،قریشی صاحب ایک کام کر لیں،تعویذ دھاگا کریں یا مکمل سیاست کر لیں،یا شاید اْنکی سیاست مذہب کی بنیاد پر ہے؟، عدالت نے مسلسل عدم پیشی پر عمر ایوب اور زرتاج گل کیخلاف اشتہاری کی کارروائی کا آغاز کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔ انسداد دہشتگردی عدالت میں 9 مئی کو جلائو گھیرائو کرنے کے 6 مقدمات میں عبوری ضمانتوں پر سماعت ہوئی، پی ٹی آئی رہنما اعظم خان سواتی، فواد چودھری اور اسد عمر عبوری ضمانتوں کی میعاد ختم ہونے پر عدالت پیش ہوئے جبکہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہنیں علیمہ خان اور عظمیٰ خان نے ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست دائر کر دی۔مسلم لیگ ن کا آفس جلانے سمیت چھ مقدمات کی سماعت انسداد دہشتگردی عدالت کے جج ارشد جاوید نے کی۔عدالت کو بتایا گیا علیمہ خان اور عظمی ٰخان آج پیش نہیں ہوئیں۔ وکلاء نے ان کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست دائر کی۔عدالت نے علیمہ اور عظمیٰ کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست منظور کر لی۔ انسداد دہشت گردی عدالت میں نو مئی جناح ہائوس، عسکری ٹاور حملہ اور تھانہ شادمان نذر آتش سمیت دیگر مقدمات میں سابق وفاقی وزیر اسد عمر، اعظم خان سواتی کی عبوری ضمانتوں میں 5 دسمبر تک توسیع کردی۔