جادو سے انکار: شوہر نے گرم مچھلی کا سالن بیوی کے چہرے پر انڈیل دیا

نئی دہلی (آئی این پی )بھارتی ریاست کیرالہ کے ضلع کولم میں ایک  شخص نے کالا جادو کے عمل میں شریک ہونے سے انکار پر اپنی بیوی کے چہرے پر گرم مچھلی کا سالن انڈیل دیا۔ واقعے میں خاتون بری طرح جھلس گئیں اور انہیں اسپتال منتقل کیا گیا، پولیس کے مطابق ملزم موقع سے فرار ہے۔بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق  پولیس نے بتایا کہ  36 سالہ متاثرہ خاتون کے شوہر  نے مبینہ طور پر ایک عامل سے ملاقات کی اور گھر واپس آ کر اپنی بیوی سے کہا کہ وہ بال کھول کر اس کے سامنے بیٹھے تاکہ وہ اس کے گلے میں تعویز ڈال سکے اور راکھ لگا سکے۔خاتون کے انکار پر شوہر نے غصے میں آ کر چولہے پر پک رہی مچھلی کی گرم گریوی اس کے چہرے پر پھینک دی، جس سے وہ چہرے اور گردن سے جھلس گئی، خاتون کی چیخیں سن کر پڑوسی مدد کے لیے پہنچے اور انہیں نجی اسپتال منتقل کیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔پولیس کے مطابق ملزم کا یقین تھا کہ اس کی بیوی پر جنات یا بدروح کا سایہ ہے، اور وہ ماضی میں بھی اسے کئی بار تشدد کا نشانہ بنا چکا ہے