روس میں ڈوپنگ اسکینڈل کی تحقیقات مکمل، 300 سے زائد کھلاڑیوں پر پابندیاں عائد

روس میں ڈوپنگ اسکینڈل کی تحقیقات مکمل، 300 سے زائد کھلاڑیوں پر پابندیاں عائد

عالمی انسدادِ ڈوپنگ ادارے واڈا نے اعلان کیا ہے کہ ماسکو لیبارٹری کے ڈیٹا کے حصول کے بعد جاری تحقیقات کامیابی سے مکمل ہوگئیں۔

آپریشن لِمز کے تحت 291 روسی کھلاڑیوں کو سزا دی گئی جبکہ مجموعی طور پر 302 پابندیاں عائد کی گئیں۔  رپورٹ کے مطابق 22 کھیلوں سے تعلق رکھنے والے ایتھلیٹس کو 23 مختلف اینٹی ڈوپنگ تنظیموں نے سزا دی ہے، جن میں ویٹ لفٹنگ اور ایتھلیٹکس کے کھلاڑی نمایاں ہیں۔  مزید برآں، 11 کھلاڑیوں کو متعدد خلاف ورزیوں پر سزا ملی ہے، جبکہ 4 کیسز زیر سماعت ہیں۔ واڈا کے صدر وٹولڈ بانکا نے اس کارروائی کو تاریخ کی سب سے کامیاب تحقیقات قرار دیا ہے۔  
یاد رہے کہ 2015 میں روس میں ریاستی سرپرستی میں ڈوپنگ پروگرام کا انکشاف ہوا تھا، جس کے بعد روسی اینٹی ڈوپنگ ایجنسی کو معطل کیا گیا تھا۔ 2018 میں اس کی بحالی کے بعد 2019 میں ماسکو لیب سے اہم ڈیٹا حاصل کیا گیا، جس میں رد و بدل ثابت ہونے پر روس پر چار سال کی پابندی عائد کی گئی تھی۔