گزشتہ رات گیس سے بجلی پیداوار بڑھی، جنوب سے 500میگاواٹ ترسیل ممکن ہوئی
ایل این جی عدم دستیابی، 4700میگاواٹ پلانٹس سے بجلی پیدا نہیں ہو رہی:پاور ڈویژن
اسلام آباد (بیورو رپورٹ) ترجمان پاور ڈویژن نے کہا ہے کہ 29اپریل رات پیک اوقات (مصروف ترین اوقات) میں پیک ٹائم میں کوئی لوڈ مینجمنٹ نہیں ہوئی، پن بجلی کی مجموعی پیداوار 6000میگاواٹ رہی جس کی استعداد 11500میگاواٹ ہے۔ مزید پاور پلانٹس کو مقامی گیس کی فراہمی سے بجلی پیداوار میں اضافہ ہوا ہے۔ بجلی کی صورتحال پر جاری بیان میں کہا کہ پن بجلی اور اضافی لوکل گیس کی دستیابی سے بجلی پیداوار میں اضافہ سے ملک کے جنوب سے نیشنل گرڈ میں استحکام کی بدولت مزید 100میگاواٹ سنٹر لانے میں آسانی ہوئی ، جنوب سے 500میگاواٹ کی ترسیل ممکن ہوئی۔ ترجمان کے مطابق ملک میں زیادہ نقصانات والے فیڈرز پر اکنامک لوڈ مینجمنٹ پالیسی کے تحت کی جارہی ہے، اس کا پیک اورز میں لوڈ مینجمنٹ سے کوئی تعلق نہیں، ایل این جی کی عالمی حالات کے باعث عدم دستیابی سے 4700میگاواٹ کے پاور پلانٹس سے بجلی پیدا نہیں ہو رہی۔ ایل این جی کی دستیابی اور پانی کے اخراج میں اضافہ سے رات کے اوقات کا شارٹ فال ختم ہوجائے گا۔