44 جیلوں میں 176 مراکز فعال، ہزاروں قیدی تعلیم حاصل کرنے لگے
لاہور(کرائم رپورٹر) پنجاب کی جیلوں میں قیدیوں کو تعلیم سے آراستہ کرنے کیلئے تعلیم بالغاں پروگرام کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے، جس کے تحت صوبے بھر کی جیلوں میں لٹریسی سینٹرز قائم کیے جا رہے ہیں تاکہ کوئی بھی قیدی اَن پڑھ نہ رہے۔ چیئرمین ٹاسک فورس رانا منان خان اور سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے ڈسٹرکٹ جیل لاہور کا دورہ کیا جہاں لٹریسی سینٹر کلاس رومز کا افتتاح کیا گیا اور اساتذہ و قیدیوں سے ملاقات کی گئی۔ اس موقع پر اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔ بتایا گیا کہ پنجاب کی 44 جیلوں میں 176 لٹریسی سینٹرز قائم کیے جا چکے ہیں جہاں بیک وقت 17 ہزار 600 قیدی تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ جیلوں میں پڑھے لکھے قیدیوں کو بطور اساتذہ ذمہ داریاں دی گئی ہیں جبکہ تعلیم حاصل کرنے اور پڑھانے پر سزا میں رعایت بھی دی جائے گی۔ حکام کے مطابق جیلوں کو اصلاحی مراکز بنانے اور قیدیوں کی بحالی کیلئے تعلیم کو کلیدی حیثیت دی جا رہی ہے۔