حکومت کا فلم، ڈرامہ اور ڈاکیومنٹری کی سرپرستی کیلئے نئی اتھارٹی قائم کرنے کا فیصلہ
لاہور (آن لائن) پنجاب اسمبلی نے صوبے میں فلم انڈسٹری کے فروغ کے لیے پنجاب فلم سٹی اتھارٹی تشکیل دینے کا بل کثرت رائے سے منظور کر لیا ہے، جس کے تحت فلم سازی، ڈرامہ اور ڈاکیومنٹری کے شعبے کو باضابطہ حکومتی سرپرستی حاصل ہو گی۔تفصیلات کے مطابق پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں فلم سٹی اتھارٹی ایکٹ 2026 پیش کیا گیا، جسے ایوان کے اراکین نے کثرت رائے سے منظور کیا۔ اس ایکٹ کے تحت اتھارٹی کے تمام اخراجات حکومت پنجاب برداشت کرے گی جبکہ فلم انڈسٹری کی ترقی کے لیے خصوصی فنڈ بھی فراہم کیا جائے گا۔ایکٹ کے مطابق نئی فلم پالیسی، قواعد و ضوابط اور لائسنسنگ کا جامع نظام متعارف کرایا جائے گا، جس کے ذریعے فلم سازوں کو سہولیات، اجازت ناموں اور ون ونڈو آپریشن کی سہولت حاصل ہوگی۔ اس کے ساتھ ساتھ مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے خصوصی مراعات بھی دی جائیں گی۔قانون کے تحت فلم اسٹوڈیوز، فلم سٹی اور پوسٹ پروڈکشن سہولیات کے قیام کی راہ ہموار ہوگی جبکہ نئے ٹیلنٹ کی تربیت کے لیے خصوصی ٹریننگ پروگرامز شروع کیے جائیں گے۔