لاہور(خصوصی رپورٹ)پاکستان اور بھارت کے مابین کشیدگی کے بعد دونوں ملکوں میں مقیم ایک دوسرے کے شہریوں اور لانگ ٹرم ویزا رکھنے والوں کو دی گئی مہلت ختم ہونے کے بعد واہگہ/اٹاری بارڈر بند کردیا گیا جبکہ دونوں ممالک میں رہ جانے والے شہریوں کی واپسی کے لیے مہلت میں توسیع یا پھر ڈی پورٹ کیے جانے کا امکان ہے۔ذرائع نے بتایا کہ بارڈر بند ہونے کے باوجود اب بھی سرحد کے دونوں جانب بڑی تعداد میں ایک دوسرے ملک کے شہری موجود ہیں جنہیں واپسی کے لیے مزید مہلت دی جائے گی یا پھر اب انہیں ڈی پورٹ کیے جانے کا امکان ہے۔حکام کے مطابق 30 اپریل کو 110 پاکستانی بھارت سے واپس پاکستان پہنچے، جن میں سفارتی عملے کے تین ارکان شامل ہیں جبکہ پاکستان سے 222 افراد بھارت گئے جن میں بھارتی سفارتی عملے کے چار لوگ شامل تھے۔ذرائع نے بتایا کہ ایسے افراد کو واپس ان کے ملک بھیجنے سے متعلق ابھی تک کوئی نئی پالیسی سامنے نہیں آئی ہے۔