اسلام آباد: پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج یومِ مزدور منایا جا رہا ہے، جب کہ مختلف شہروں میں مزدور اپنے خاندانوں کی روزی روٹی کے لیے کام کی تلاش میں سرگرداں ہیں۔
مہنگائی، بے روزگاری اور کم اجرت کے مسائل کی وجہ سے مزدور آج بھی دیہاڑی کی تلاش میں مصروف ہیں۔یومِ مزدور کے دن محنت کشوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے مختلف تقاریب اور سرگرمیاں منعقد کی جا رہی ہیں، لیکن ان کی بڑی تعداد آج بھی اپنے حقوق کے تحفظ اور روزگار کے لیے کوشش کر رہی ہے۔ اس دن کی مناسبت سے مختلف شہروں میں مزدوروں کے ساتھ یکجہتی کے اظہار کے لیے اجتماعات اور ریلیاں نکالی جا رہی ہیں۔پاکستان میں یومِ مزدور پہلی بار 1973 میں ذوالفقار علی بھٹو کے دور حکومت میں منایا گیا تھا، جب اس دن کو باضابطہ طور پر تسلیم کیا گیا تھا۔ اس دن ملک بھر میں مزدوروں کے حقوق کے تحفظ اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے سیمینارز، کانفرنسز اور تقریبات کا انعقاد کیا جاتا ہے۔
وزیراعظم کا پیغام: محنت کشوں کے حقوق کا تحفظ ہماری اولین ترجیح
یومِ مزدور کے موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے محنت کشوں کے لیے ایک خصوصی پیغام جاری کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنی محنت کش افرادی قوت کے محفوظ، صحت مند اور باوقار مستقبل کے لیے عزم کا اعادہ کرتا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ مزدوروں کے بنیادی حقوق آئین پاکستان میں شامل ہیں اور ان کے تحفظ کے لیے قانون سازی اور انتظامی اصلاحات کی جا چکی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے جبری مشقت کے خاتمے اور میری ٹائم لیبر کنونشن کے پروٹوکول 2014 کی توثیق کی ہے اور اب ملک بھر میں ہر مزدور قومی پیشہ ورانہ تحفظ و صحت کی پالیسی سے مستفید ہو رہا ہے۔ وزیراعظم نے تمام اسٹیک ہولڈرز سے اپیل کی کہ وہ مزدوروں کے حقوق کے فروغ اور باوقار روزگار کے مواقع فراہم کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔
وزیر داخلہ کا پیغام: محنت کشوں کی قربانیوں کا اعتراف
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی یومِ مزدور پر محنت کشوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ یکم مئی قربانی، ہمت اور جدوجہد کا دن ہے، جو ہمیں مزدوروں کی اہمیت اور ان کی محنت کو یاد دلاتا ہے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ محنت کش رزقِ حلال کما کر معیشت کو مضبوط کرتے ہیں اور ملک کی پائیدار ترقی محنتی اور پُرعزم افرادی قوت کی مرہونِ منت ہے۔محسن نقوی نے حکومت کی جانب سے مزدوروں کے حقوق کے تحفظ کے لیے اقدامات جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
یومِ مزدور اور مزدوروں کے حقوق
یومِ مزدور محنت کشوں کی عظمت اور ان کے حقوق کا اعتراف کرنے کا دن ہے۔ یہ دن مزدوروں کی اہمیت کو تسلیم کرنے اور ان کے ساتھ یکجہتی کے اظہار کا موقع فراہم کرتا ہے تاکہ ان کے حقوق کی حفاظت کی جا سکے اور ان کی زندگی کی معیار کو بہتر بنایا جا سکے۔