آئرلینڈ کیساتھ پارلیمانی، معاشی و سفارتی تعلقات مزید مستحکم بنانے کے خواہاں: چیئر مین سینیٹ

تعلیمی تعاون، طلبہ کے تبادلوں اور مشترکہ تحقیقی منصوبوں کو فروغ دینا ناگزیر ،آئرلینڈ کی سفیر سے ملاقات میںگفتگو
اسلام آباد(آئی این پی ) چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پاکستان آئرلینڈ کے ساتھ پارلیمانی، معاشی اور سفارتی تعلقات مزید مستحکم بنانے کا خواہاںہے،دونوں ممالک کے تعلقات مشترکہ جمہوری اقدار، عوامی روابط اور کثیرالجہتی تعاون پر مبنی ہیں اور عالمی امن، انسانی امداد اور پائیدار ترقی کے مشترکہ مقاصد رکھتے ہیں۔چیئرمین سینیٹ سے آئرلینڈ کی سفیر میری او نیل نے پارلیمنٹ ہائوس میں ملاقات کی ہے ۔ملاقات میں دو طرفہ تعلقات، تجارت،پارلیمانی روابط،تعلیم،ثقافتی تبادلوں اور ماحولیات کے اقدامات کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ سید یوسف رضا گیلانی کا اس موقع پر کہنا تھا کہ آئرلینڈ کی عالمی امن، انسانی امداد اور پائیدار ترقی میں خدمات قابل تحسین ہیں،دونوں ملکوں میں محبت اور احترام کا رشتہ ہے ۔ سید یوسف رضا گیلانی  نے پاکستان اور آئرلینڈ کے درمیان بجٹ اور مالیاتی پالیسیوں پر تکنیکی تعاون بڑھانے پر زوردیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک میں ٹیکنالوجی، زراعت، قابل تجدید توانائی اور دواسازی کے شعبوں میں تعاون کی وسیع گنجائش موجود ہے،پاکستان اور آئرلینڈ کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کا فروغ ضروری ہے، پاکستان اور آئرلینڈ کے درمیان تعلیمی تعاون، طلبہ کے تبادلوں اور مشترکہ تحقیقی منصوبوں کو فروغ دینا ناگزیر ہے ۔مشترکہ تحقیق اور تعلیمی وظائف میں اضافہ وقت کی ضرورت ہے۔