دارالعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک کی جامع مسجد میں بمبار نے خود کو اڑا لیا‘ دھماکے کے وقت 25 پولیس اہلکار سکیورٹی پر تعینات تھے‘ حملے سے متعلق کوئی تھریٹ نہیں تھا :پولیس حکام

 خودکش دھماکہ‘مولانا حامدالحق  سمیت8افراد شہید

نوشہرہ میں دارالعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک کی جامع مسجد میں  نماز جمعہ کے دوران خود کش دھماکہ کیا گیا جمعیت علمائے اسلام (س)  کے سربراہ مولانا حامد الحق کو نشانہ بنایا گیا‘مولاناسمیع الحق کے صاحبزادے تھے‘ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ 
 نمازیوں کونشانہ بنانا مذموم اور گھنائونا عمل ہے، دہشت گرد ملک وقوم اورانسانیت کے دشمن ہیں:صدر زرداری ‘ اس طرح کی بزدلانہ اور مذموم دہشت گردی کی کارروائیاں دہشت گردی کیخلاف ہمارے عزم کو پست نہیں کر سکتیں:  وزیراعظم

ا نوشہرہ(آئی این پی‘مانیٹرنگ ڈیسک )  نوشہرہ میں دارالعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک کی جامع مسجد میں  نماز جمعہ کے دوران خودکش دھماکے کے نتیجے میں جمعیت علمائے اسلام (س)  کے سربراہ مولانا حامد الحق سمیت 8افراد شہید اور 18سے  زخمی ہوگئے۔آئی جی خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید نے کہا  حملہ ٹارگیٹڈ تھا‘ حملے میں مولانا حامد الحق نشانہ تھے۔دھماکے کے بعد پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا، جبکہ ڈی پی او نوشہرہ عبدالرشید کے مطابق دھماکا خودکش تھا۔ ذوالفقار حمید نے کہا کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکا خودکش ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دھماکے کے وقت 25 پولیس اہلکار سیکیورٹی پر تعینات تھے۔ حملے سے متعلق کوئی مخصوص تھریٹ الرٹ نہیں تھا۔  ڈپٹی کمشنر نوشہرہ عرفان اللہ محسود کا کہنا ہے مولانا حامد الحق حقانی کے جسد خاکی کو سی ایم ایچ نوشہرہ منتقل کر دیا گیا ہے۔مولانا حامد الحق کے بیٹے نے تصدیق کی ہے کہ دھماکے کے وقت سیکڑوں افراد مسجد میں موجود تھے۔  پولیس کے مطابق دھماکا جمعہ کی نماز کی ادائیگی کے بعد مسجد کے مرکزی ہال میں ہوا۔دھماکے کے بعد نوشہرہ کے ہسپتالوں کے علاوہ پشاور کے تین بڑے ہسپتالوں میں بھی ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔ جائے وقوع سے فرانزک ٹیموں نے شواہد اکٹھے کرلیے ہیں۔۔ دریں اثنا صدر مملکت آصف زرداری نے  دارالعلوم حقانیہ میں خود کش حملے میں نمازیوں کونشانہ بنانے کے مکروہ فعل کی مذمت کرتے ہوئے حملے میں قیمتی جانی نقصان پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔صدر آصف زرداری نے کہا کہ نمازیوں کونشانہ بنانا مذموم اور گھنائونا عمل ہے، دہشت گرد ملک وقوم اورانسانیت کے دشمن ہیں۔ ۔وزیراعظم شہباز شریف نے دارالعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک میں خودکش دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے زخمی ہونے والوں کی صحت یابی کے لیے دعا کی  اور ہر ممکن طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت  کی ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ اس طرح کی بزدلانہ اور مذموم دہشت گردی کی کارروائیاں دہشت گردی کے خلاف ہمارے عزم کو پست نہیں کر سکتیں۔ ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پر عزم ہیں۔ وزیراعظم نے دھماکے کے حوالے سے رپورٹ طلب کر لی ہے