عید تعطیلات کے بعد پردیسوں کی واپسی، لاہور کی رونقیں پھر بحال

ایڈمنسٹریٹر جنرل بس سٹینڈ کا لاری اڈا کا دورہ، لاری اڈوں اور بس ٹرمینلز پر مسافروں اور گاڑیوں کی آمدورفت میں واضح اضافہ ریکارڈ
لاہور(سپیشل رپورٹر)عیدالاضحیٰ کی تعطیلات کے اختتام کے بعد پردیسیوں کی لاہور واپسی کا سلسلہ شروع ہو گیا ، جس کے باعث شہر کے مختلف بس اڈوں اور ٹرمینلز پر غیر معمولی رش دیکھنے میں آ یا۔مختلف شہروں اور پنجاب کے اضلاع سے شہری لاہور پہنچنا شروع ہو گئے ہیں، جبکہ لاری اڈوں اور بس ٹرمینلز پر مسافروں اور گاڑیوں کی آمدورفت میں واضح اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔عید کی چھٹیاں ختم ہونے کے بعد شہری دوبارہ اپنے روزگار اور ملازمتوں کی طرف لوٹ رہے ہیں، جس کے باعث لاہور کی طرف آنے والی بسوں اور ویگنوں میں گنجائش سے زیادہ رش دیکھا جا رہا ہے۔ اسی طرح دیگر صوبوں سے بھی مسافروں کی لاہور آمد جاری ہے، جہاں پردیسی عید کی خوشیاں اپنے اہل خانہ کے ساتھ گزارنے کے بعد واپس اپنے کام کاج کے لیے شہر پہنچ رہے ہیں۔عید تعطیلات کے اختتام کے ساتھ ہی لاہور کی رونقیں ایک بار پھر بحال ہونے لگی ہیں، جبکہ شہری معمولات زندگی کی طرف واپسی اختیار کر رہے ہیں۔ایڈمنسٹریٹر جنرل بس سٹینڈ کاشف جلیل نے لاری اڈا کا دورہ کیا اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ کمی کے بعد جاری کیے گئے نئے کرائے نامے پر عملدرآمد کا جائزہ لیا ہے۔ذرائع کے مطابق دورے کے دوران انہوں نے لاری اڈا کے مجموعی انتظامات، مسافروں کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور ٹرانسپورٹ آپریشنز کا بھی معائنہ کیا۔کاشف جلیل نے کہا کہ نئے سرکاری کرائے نامے کے مطابق کرایوں میں 4 فیصد کمی کی گئی ہے اور اس پر مکمل عملدرآمد ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔انہوں نے ہدایت کی کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے ثمرات براہِ راست عوام تک پہنچنے چاہئیں اور کسی بھی قسم کی زائد وصولی برداشت نہیں کی جائے گی۔ایڈمنسٹریٹر جنرل بس سٹینڈ نے مزید کہا کہ تمام ٹرانسپورٹرز کیلئے سرکاری کرائے نامہ نمایاں مقامات پر آویزاں کرنا لازم ہے تاکہ مسافروں کو مقررہ کرایوں سے آگاہی حاصل ہو سکے۔