لاہور کے علاقے کاہنہ میں ٹیوشن سنٹر کی تیسری منزل پر تعمیراتی کام جاری تھا، ملبے کا وزن زیادہ ہونے کے باعث چھت گری‘ گراؤنڈ فلور پر موجود بچے دب گئے

 ٹیوشن سنٹر کی چھت گرگئی‘14بچے جاں بحق
جاں بحق ہونے والوں میں 7 سالہ ماہ نور فاروق، 7 سالہ رمشا عاطف، 5 سالہ مرتضیٰ عاطف، 9 سالہ غلام نبی، 6 سالہ تابشہ شہزاد، 16 سالہ خدیجہ دختر وسیم، 6 سالہ سلمان ولد وسیم اور 8 سالہ فواد ولد عابد شامل ہیں
 پرائیویٹ ٹیوشن سینٹر کی چھت کمزور اور گارڈر والی تھی، بارشوں کے باعث چھت کی مٹی کمزور ہو چکی تھی8بچے زخمی ہو گئے:ڈی آئی جی آپریشنز‘ گھر کے مالک اور مستری سمیت5 افراد کو حراست میں لے لیا گیا 
وزیراعظم کا حادثے میں بچوں کے جاں بحق ہونے پر اظہار افسوس ،لواحقین سے اظہار تعزیت‘ صبر کی دعا‘ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا واقعہ کا  نوٹس، ذمہ داروں کے تعین کا حکم‘سانحہ کی رپورٹ طلب کرلی
لاہور(کرائم رپورٹر) کاہنہ کے علاقے میں ٹیوشن سینٹر کی چھت گرنے کے افسوسناک واقعے میں 14 بچے جاں بحق ہوگئے اور8زخمی ہوگئے‘ ریسکیو حکام کے مطابق ایک خاتون ٹیچر سمیت 20 سے 25 افراد ٹیوشن سینٹر میں موجود تھے، زیادہ تر بچے کم عمر تھے۔ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی اطلاع شام 4 بج کر 45 منٹ پر ملی تھی، علاقہ مکینوں کے مطابق عمارت میں صبح کے اوقات میں سکول بھی چلتا تھا جبکہ بچے اکیڈمی میں ٹیوشن کے لیے موجود تھے۔پولیس کے مطابق ٹیوشن سینٹر کی بالائی منزل پر تعمیراتی کام جاری تھا، گراؤنڈ فلور پر بچے موجود تھے، واقعے کے بعد گھر کے مالک اور مستری سمیت 5 افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔جاں بحق ہونے والوں میں 7 سالہ ماہ نور فاروق، 7 سالہ رمشا عاطف، 5 سالہ مرتضیٰ عاطف، 9 سالہ غلام نبی، 6 سالہ تابشہ شہزاد، 16 سالہ خدیجہ دختر وسیم، 6 سالہ سلمان ولد وسیم اور 8 سالہ فواد ولد عابد شامل ہیں۔ٹی ایچ کیو ہسپتال کاہنہ کے مطابق حادثے میں زخمی ہونے والے 6 بچوں کی حالت مستحکم ہے، زخمیوں میں 8 سالہ ابیہا، 10 سالہ فاریہ، 11 سالہ مرتضٰی، 8 سالہ ایان، 7 سالہ رابعہ اور 30 سالہ حمیدہ ریحان شامل ہیں۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کاہنہ میں ٹیوشن سینٹر کی چھت گرنے کے افسوسناک حادثے پر قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا ہے۔وزیراعظم نے حادثے میں بچوں کے جاں بحق ہونے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کاہنہ میں ٹیوشن سینٹر کی چھت گرنے کے واقعے پر زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔وزیراعلیٰ نے واقعے کی فوری رپورٹ طلب کرتے ہوئے حادثے کے ذمہ داران کے تعین کا حکم بھی دیا ہے۔ڈی آئی جی آپریشنز لاہور فیصل کامران نے کہا ہے  کاہنہ میں پرائیویٹ ٹیوشن سینٹر کی چھت کمزور اور گارڈر والی تھی، جبکہ بارشوں کے باعث چھت کی مٹی کمزور ہو چکی تھی۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا  تفتیش کے لیے پانچ افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔