تکنیکی اور آپریشنل وجوہات ،کئی طیارے خرابی کے باعث گراؤنڈ

 سکلڈ مین پاور اور پرزہ جات کی کمی بھی پروازوں کی تاخیر اور منسوخی کی وجہ بننے لگی 
پی آئی اے کا ایک طیارہ کراچی ،دوسرادوبئی میں گراؤنڈ،کراچی سے 5پروازیں منسوخ
لاہور (خصوصی رپورٹ )تکنیکی اور آپریشنل وجوہات کے باعث قومی ایئرلائن پی آئی اے کے متعدد طیارے اس وقت آپریشن کیلئے دستیاب نہیں جبکہ گزشتہ روز کراچی سے روانہ ہونیوالی 5پروازیں منسوخ کردی گئیں جبکہ 2تاخیر کا شکار ہوئیں۔ذرائع کا کہناہے کہ کراچی سے اسلام آباد جانیوالی پرواز پی کے 225کیلئے اے پی بی ایم ایکس رجسٹریشن کا حامل طیارہ انجن نمبر 1 کے ایگزاسٹ کون سلیو میں نقص کے باعث سروس سے نکال دیا گیا جس کے باعث پرواز منسوخ کرناپڑی۔ اسلام آباد کراچی کی پرواز پی کے 369 بھی منسوخ کی گئی جبکہ اسلام آبادسکردو کی دوطرفہ پروازیں منسوخ کی گئیں۔کئی انٹرنیشنل اور ڈومیسٹک پروازوں میں تاخیر دیکھنے میں آ رہی ہے،دبئی سیالکوٹ پرواز بریک سسٹم کی خرابی کے باعث دبئی میں گراؤنڈ ہے۔پروازوں کی تاخیر اور منسوخیاں صرف فلیٹ پلاننگ کی کمزوری یا مینجمنٹ کی ناقص حکمتِ عملی کا نتیجہ نہیں بلکہ ان کے پیچھے ایک اور سنگین مسئلہ سکلڈ مین پاور اور پرزہ جات کی کمی بھی ہے۔ کراچی ایئرپورٹ سے گزشتہ روز منسوخ ہونیوالی پروازوں میں دبئی جانے والی ایمریٹس کی پرواز ای کے 609 ،کراچی سے جدہ جانے والی فلائی ناس کی پرواز ایکس وائی 638اورکراچی سے مسقط جانے والی عمان ا یئرکی پرواز ڈبلیووائی 324 شامل ہیں۔کراچی سے لاہور جانے والی ا یئرسیال کی پرواز پی ایف 143اورکراچی سے لاہورجانیو الی پی آئی اے کی پرواز پی کے 306 بھی منسوخ ہوگئیں۔کراچی سے اسلام آبادجانے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے 308 اورکراچی سے فیصل آبادجانے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے 340 تاخیرکاشکارہوئی۔