اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے 100 انڈیکس کے 1 لاکھ 27 ہزار کی تاریخی سطح عبور کرنے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ حکومتی معاشی پالیسیوں پر سرمایہ کاروں کے اعتماد کی عکاسی ہے۔
وزیراعظم نے اپنے بیان میں کہا کہ نیا مالی سال ایک مثبت خبر اور اہم معاشی پیشرفت کے ساتھ شروع ہوا ہے، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ کاروباری برادری کا اعتماد مسلسل مضبوط ہو رہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ نیا مالی سال ملکی معیشت کی بہتری کی جانب ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا، حکومت بہترین کاروباری ماحول اور سہولیات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
وزیراعظم نے سرمایہ کاروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ ترقی و خوشحالی کے اس سفر میں حکومت کا ساتھ دے رہے ہیں۔ انہوں نے اس کامیابی پر اپنی معاشی ٹیم کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔