مخصوص نشستیں پی ٹی آئی کو دینا شاندار فیصلہ تھا:سلمان اکرم راجہ

ملک میں قانون اور آئین نہیں ہیں، ملک کا نظام جنگل کا منظر پیش کررہاہے: اسد قیصر
اسلام آباد(آئی این پی )پی ٹی آئی  کے  جنرل سیکرٹری   سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے  مخصوص نشستیں پی ٹی آئی کو دینا سپریم کورٹ کے شاندار ترین فیصلوں میں سے ایک تھا۔ہائی کورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے  انہوں نے کہا  جبر کے نظام کے ہوتے ہوئے اس کے خلاف فیصلہ صرف ایک جولائی 1988 میں آیا اور دوسرا فیصلہ 12 جولائی 2024 کو سپریم کورٹ کے 8 اکثریتی ججز نے دیا۔ جب وقت کا حاکم یا نظام یہ چاہتا تھا کہ پی ٹی آئی کو سیٹیں نہ ملیں اور پی ٹی آئی کا پارلیمان میں تشخص مانا ہی نہ جائے۔ اس کے خلاف 8 ججز صاحبان کھڑے ہوئے اور آئین و قانون کے مطابق فیصلہ دیا، جمہوریت اور ووٹ کے حق کا بول بالا کیا۔قبل ازیں پی ٹی آئی رہنما اسدقیصر نے جوڈیشل کمپلیکس کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں قانون اور آئین نہیں ہیں۔ ملک کا نظام جنگل کا منظر پیش کررہاہے۔ جس کا جیسے دل چاہتا ہے ویسے ملک کا نظام چلا رہے ہیں۔ ملک میں فی الوقت قانون کی کوئی حیثیت نہیں۔