ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری کے بعد سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہو گیا ہے جبکہ خوشگوار موسم سے لطف اندوز ہونے کے لیے عوام بڑی تعداد میں سیاحتی مقامات کا رخ کر رہے ہیں۔
گلیات، نتھیا گلی اور ٹھنڈیانی میں موسمِ سرما کی پہلی برفباری ہوئی۔ ایبٹ آباد اور گردونواح، میرپور شہر و اطراف میں بارش کے باعث سردی بڑھ گئی جبکہ اسلام آباد میں بھی موسلا دھار بارش ریکارڈ کی گئی۔لاہور کے مختلف علاقوں میں بوندا باندی جاری رہی۔ سرگودھا شہر اور گردونواح میں کہیں ہلکی تو کہیں تیز بارش ہوئی۔ خیبرپختونخوا میں پشاور، مردان اور اطراف کے علاقوں میں بارش کے بعد سردی کی شدت میں اضافہ دیکھا گیا، جبکہ سوات کے بالائی علاقوں کالام اور مالم جبہ میں دوسرے روز بھی برفباری کا سلسلہ جاری رہا۔
بلوچستان کے مختلف اضلاع میں بھی بارش اور برفباری شروع ہو گئی ہے۔ زیارت، چمن، کان مہترزئی اور توبہ اچکزئی میں برفباری ہوئی، جبکہ پشین، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ اور قلات سمیت دیگر علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش جاری ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج رات اور یکم جنوری کے دوران ناران، کاغان، دیر، سوات اور کوہستان میں برفباری کا امکان ہے۔ مانسہرہ، ایبٹ آباد، شانگلہ، استور، ہنزہ اور اسکردو میں مزید برفباری متوقع ہے۔حکام نے خبردار کیا ہے کہ برفباری کے باعث سڑکوں کی بندش، پھسلن اور ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ بالائی خیبرپختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور برفانی تودے گرنے کا بھی خطرہ ہے، جبکہ پنجاب اور بالائی سندھ میں دھند کی شدت میں کمی متوقع ہے۔