پاکستان یمن مسئلے کے حل کیلئے مذاکرات اور سفارتکاری پر یقین رکھتا ہے‘سعودی عرب کیساتھ مکمل اظہارِ یکجہتی اور سلامتی کے عزم کا اعادہ بھی کرتا ہے
امید ہے یمنی عوام اور علاقائی طاقتیں مل کر ایک پائیدار حل کے لئے کام کریں گی تاکہ ملک میں دیرپا امن اور استحکام قائم ہو سکے:ترجمان کا بیان
اسلام آباد( آن لائن )ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے پاکستان یمن میں تشدد کی نئی لہر پر گہری تشویش کا اظہار کرتا ہے اور یمن کی خودمختاری، وحدت اور علاقائی سالمیت کی مکمل حمایت کا اعادہ کرتا ہے۔ترجمان نے کہا کہ پاکستان یمن میں امن و استحکام کے لیے تمام کوششوں کی حمایت کرتا ہے اور کسی بھی یمنی فریق کے یکطرفہ اقدامات کی سخت مخالفت کرتا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ یکطرفہ اقدامات امن کوششوں کو نقصان پہنچا سکتے ہیں اور صورتحال کو مزید بگاڑ سکتے ہیں۔ پاکستان علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر یمن میں کشیدگی کم کرنے کی کوششوں کا خیرمقدم کرتا ہے اور سعودی عرب کے ساتھ مکمل اظہارِ یکجہتی اور سلامتی کے عزم کا اعادہ بھی کرتا ہے۔ترجمان نے زور دیا کہ پاکستان یمن مسئلے کے حل کے لیے مذاکرات اور سفارتکاری پر یقین رکھتا ہے اور امید ظاہر کی کہ یمنی عوام اور علاقائی طاقتیں مل کر ایک پائیدار حل کے لیے کام کریں گی، تاکہ ملک میں دیرپا امن اور استحکام قائم ہو سکے۔