آج کل نیب کے کیسز بھی نہیں لگ رہے:جسٹس مسرت ہلالی‘کیا پتہ کچھ عرصے میں نیب خاموش نہ رہے:پراسیکیوٹر کا جواب
اسلام آباد(آئی این پی ) سپریم کورٹ کے جسٹس جمال مندوخیل نے ایک کیس کی سماعت کے دوران ریمارکس دئیے کہ اب ہم اعلی عدلیہ نہیں ہیں۔سپریم کورٹ میں نیب کے ملزم عامر محمود کی درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی، جس میں عدالت عظمی نے ملزم کی دستخطوں کی جانچ کے لیے فرانزک کروانے کا حکم دے دیا ۔ سپریم کورٹ نے کہا کہ 15 روز میں فرانزک کرواکے رپورٹ دیں ۔دوران سماعت ججز اور نیب پراسیکیوٹر کے درمیان دلچسپ جملوں کا تبادلہ بھی ہوا۔ پراسیکیوٹر ناصر مغل نے کہا کہ دستخطوں کی فرانزک کیلئے عدالت سے اجازت لینا ہوگی ، جس پر جسٹس جمال مندوخیل نے کہا کہ ہم فرانزک کا حکم دے رہے ہیں ۔جسٹس جمال مندوخیل نے استفسار کیا کیا آپ اب ہمیں عدالت بھی نہیں سمجھتے ؟، جس پر نیب پراسیکیوٹر نے جواب دیا کہ سر آپ تو اعلی عدلیہ ہیں۔ اس موقع پر جسٹس جمال مندوخیل نے ریمارکس دیے کہ اب اعلی عدلیہ نہیں ہیں ۔جسٹس مسرت ہلالی نے ریمارکس دیئے نیب آج کل مکمل خاموش ہے۔ آج کل نیب کے کیسز بھی نہیں لگ رہے ، جس پر پراسیکیوٹر نے بتایا کہ کیا پتہ کچھ عرصے میں نیب خاموش نہ رہے ۔