شفیع جان کا بیان غیرشائستہ‘زبان کو لگام دیں عطاء تارڑ یہ جنگلی جانور ہیں عظمی بخاری

 انتہائی گھٹیا گفتگو پہلے بھی کی گئی اور اب بھی کی جا رہی ہے جو کسی صورت قابل قبول نہیں، اہم عہدے پر بیٹھے شخص کو اس قسم کی زبان زیب نہیں دیتی:عطاء تارڑ
گٹر ذہنیت اور غلیظ زبان رکھنے والے ایسے عناصر پختونخوا اور پختون برادری کے نام پر بدنما دھبہ ہیں،ان کے رویئے سماجی اقدار سے مطابقت نہیں رکھتے:عظمی بخاری
 یہ پی ٹی آئی کا زہریلا کلچر ہے جسے بانی نے وضع کیا اور معمول بنایا، یہ زہریلا کلچرخواتین کو غیرانسانی بناتا ہے، یہ کلچر بدسلوکی کو سیاسی طرز عمل کے طور پر دیکھتا ہے:مریم اورنگزیب
اسلام آباد‘لاہور(آئی این پی ) وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے عظمی بخاری سے متعلق معاون خصوصی خیبرپختونخوا شفیع اللہ جان کے  بیان کو غیر شائستہ اور قابل مذمت قرار دے دیا۔عطا اللہ تارڑ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر شفیع اللہ جان کی ویڈیو پر ردعمل دیتے ہوئے کہا  انتہائی گھٹیا گفتگو پہلے بھی کی گئی اور اب بھی کی جا رہی ہے جو کسی صورت قابل قبول نہیں۔ اہم عہدے پر بیٹھے شخص کو اس قسم کی زبان زیب نہیں دیتی۔ان لوگوں سے کہوں گا  زبان کو لگام دیں۔ بہن بیٹیوں کی عزت کرنا سیکھیں ورنہ ہمیں عزت کرانا بھی آتی ہے۔وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمی بخاری نے  شفیع جان کے بیان پر رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے  یہ صرف جنگلی نہیں، بلکہ جنگلی جانور ہیں۔ گٹر ذہنیت اور غلیظ زبان رکھنے والے ایسے عناصر پختونخوا اور پختون برادری کے نام پر بدنما دھبہ ہیں، جن کے رویئے  نہ سماجی اقدار سے مطابقت رکھتے ہیں اور نہ انسانی تہذیب سے۔میڈیا سے گفتگو کے دوران   عظمی بخاری نے کہا  ایک بار پھر اسی شخص نے اپنی پست تربیت، گھٹیا ذہنیت اور نچلے درجے کی زبان کا مظاہرہ کرکے ثابت کر دیا ہے کہ اس کے پاس دلیل اور کردار نہیں، صرف غلاظت سے بھرپور زبان ہے۔ایسے کرداروں پر افسوس سے زیادہ ترس آتا ہے، جو اپنی تربیت کا اظہار بدزبانی کی صورت کرتے ہیں۔مجھے اس شخص کی والدہ اور گھر کی خواتین سے دلی ہمدردی ہے۔ ایسے کردار گھر کی تربیت کو بدنام کرتے ہیں۔دوسری جانب سینئیرصوبائی وزیر  مریم اورنگزیب نے کہا کہ یہ پی ٹی آئی کا زہریلا کلچر ہے جسے بانی نے وضع کیا اور معمول بنایا، یہ زہریلا کلچرخواتین کو غیرانسانی بناتا ہے، یہ کلچر بدسلوکی کو سیاسی طرز عمل کے طور پر دیکھتا ہے، یہ اس سرزمین کے پی میں ہورہا ہے جو خواتین کے احترام کیلئے مشہور ہے۔