اسلام آباد (آئی این پی) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے پولیس ملازمین کی فلاح و بہبود کیلئے اہم منصوبوں کا اعلان کیا ہے۔ وزیر داخلہ نے نیشنل پولیس فائونڈیشن (این پی ایف) کا دورہ کیا جہاں انہوں نے اعلی سطح اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس کے دوران وفاقی وزیر داخلہ نے اعلان کیا کہ نیشنل پولیس اکیڈمی میں زیرِ تربیت اے ایس پیز کو ہر سال آسان اور کم اقساط پر پلاٹس فراہم کیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ ملک بھر سے ہر سال 10 انسپکٹرز، سب انسپکٹرز اور اے ایس آئیز کو اسکالرشپ پر پولیس سے متعلق کورسز کے لیے بیرونِ ملک بھیجا جائے گا۔وفاقی وزیرِ داخلہ نے اعلان کیا کہ 15 کانسٹیبلز کے بیٹے یا بیٹیاں جو پاکستان کی بہترین جامعات میں داخلہ حاصل کریں گے، ان کے تعلیمی اخراجات نیشنل پولیس فانڈیشن برداشت کرے گی۔ مزید برآں ہر سال 5 ایس پی یا ایس ایس پی رینک کے افسران کو مصنوعی ذہانت (اے آئی) میں ڈگری کے لیے سکالرشپ پر بیرونِ ملک بھجوانے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔