واشنگٹن (آئی این پی )نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو بڑا دھچکا،عدالت نے جنسی ہراسگی کیس میں 5 ملین ڈالر جرمانہ برقرار رکھنے کا حکم دیدیا۔امریکی میڈیا کے مطابق فیڈرل اپیل کورٹ نے ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف جیوری کے اس فیصلے کو برقرار رکھا جس کے تحت ٹرمپ کو خاتون صحافی اور رائٹر کو جنسی طورپر ہراساں کرنے اور ہتک عزت کیس میں 5 ملین ڈالر ادا کرنے کا حکم دیا گیا تھا۔نیویارک کی جیوری نے گذشتہ سال 9 روز مقدمے کی سماعت کے بعد نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو 1996 میں مین ہیٹن کے ایک ڈیپارٹمنٹل سٹور میں رائٹر اور صحافی ای جین کیرول کو جنسی طور پر ہراساں کرنے کا مجرم قرار دیا تھا۔عدالت نے امریکی صدر کو خاتون صحافی کو جنسی طور پر ہراساں کرنے پر 2 ملین ڈالرز جبکہ ساکھ کو نقصان پہنچانے پر 3 ملین ڈالرز ادا کرنے کا حکم دیا تھا۔