جب تک پارا چنار میں دھرنا جاری ہے ہم بھی جاری رکھیں گے، ہمیں کچل ڈالو ہم نہیں جھکیںگے،علامہ حسن ظفر
کراچی(آئی این پی )مجلس وحدت المسلمین کراچی کی قیادت نے پارا چنار کے عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے کراچی میں دئیے گئے دھرنوں پر پولیس کی شیلنگ اور لاٹھی چارج کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہر میں دھرنوں کو مزید منظم کرنے کے ساتھ اسکا دائرہ سندھ بھر میں پھیلانے کا اعلان کردیا،مرکزی رہنما علامہ حسن ظفر نقوی کا کہناتھا یہ دھرنا جاری رہے گا جو کرنا ہے کرلو، جن مقامات پر دھرنے ختم کیے تھے اب پھر سے وہاں دھرنے دیئے جائیں گے۔نمائش چورنگی پرپریس کانفرنس کرتے ہوئے علامہ حسن ظفر نقوی نے کراچی میں دھرنوں کو مزید منظم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم سے دھرنے پھر سے منظم کرنے کی اپیل کی ہے، اب پورے سندھ میں دھرنوں کی کال دے رہا ہوں۔علامہ حسن ظفر نقوی نے اعلان کیا کہ جب تک پارا چنار کا دھرنا جاری رہے گا،ہم بھی بیٹھے رہیں گے اور ہماری نرم آواز کو ہماری کمزروی نہ سمجھا جائے۔ انہوں نے کہا رات کو جب سندھ حکومت کے نمائندوں نے ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا، ہم نہیں پتہ تھا وہ لوگ کیا پلاننگ کرکے آئے ہیں۔ صبح سویرے ہمارے لوگوں پرسندھ پولیس نے دھاوا بول دیا اور خواتین اور بچوں پر ڈنڈے برسائے گئے، یہ ظلم تاریخ میں لکھا جائے گا، میں آج کہتا ہوں یہ دھرنا جاری رہے گا جو کرنا ہے کرلو، آپ نے ابھی ہمارا صبر دیکھا نہیں ہے، ہمارے او پر دھماکے کروائو ہم نہیں ہٹیں گے، اپنے دہشت گردوں کو بلائو اور ہم پر ظلم کروائو ہم دھرنے دیتے رہے گے، جب تک پارا چنار میں دھرنا جاری ہے ہم بھی جاری رکھیں گے، ہمیں کچل ڈالو ہم نہیں جھکیں گے۔