انتہا پسندی اور تفرقہ انگیز بیان بازی ہمارے سماج کیلئے خطرہ ہے: وزیرِ اعظم

انتہا پسندی اور تفرقہ انگیز بیان بازی ہمارے سماج کیلئے خطرہ ہے: وزیرِ اعظم

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے عالمی ہفتہ برائے بین المذاہب ہم آہنگی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ انتہا پسندی اور تفرقہ انگیز بیان بازی ہمارے سماجی تانے بانے کے لیے خطرہ ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ ہفتہ دنیا میں متنوع مذہبی برادریوں کے درمیان مکالمے، ہم آہنگی اور تعاون کو اجاگر کرنے کے لیے اہم ہے، اور پاکستان کا تصور قائدِ اعظم محمد علی جناح نے تمام مذاہب کے لیے ایک محفوظ ملک کے طور پر دیا تھا۔وزیرِ اعظم نے کہا کہ ہمارا دین اسلام انصاف، رحم اور تمام مخلوقات کے احترام کی لازوال تعلیمات پر مبنی ہے، جو ہمیں مثالی طرزِ عمل اپنانے کی ترغیب دیتی ہیں۔انہوں نے حکومت کی جانب سے رواداری اور باہمی احترام کے ماحول کو فروغ دینے کے لیے کیے گئے اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مذہبی رواداری پر مبنی بین المذاہب ہم آہنگی پالیسی اور حکمتِ عملی پر عمل درآمد جاری ہے۔وزیرِ اعظم نے مذہبی اسکالرز اور کمیونٹی رہنماؤں سے اپیل کی کہ وہ معاشرے میں بھائی چارے کے رشتوں کو مضبوط کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔