برطانیہ کی انسانی سمگلروں سے نمٹنے کیلئے نئی منصوبہ بندی

قید سمیت مختلف اقدامات شامل، ملوث افراد کو پانچ برس جیل کی سزا ہوسکے گی،ہوم آفس
    لندن(یواین پی)برطانوی حکومت انسانی سمگلروں سے نمٹنے کے لیے نئی منصوبہ بندی کر رہی ہے جس کے تحت سمندر میں لوگوں کی زندگی خطرے میں ڈالنا بھی جرم ہوگا، ملوث افراد کو پانچ برس جیل کی سزا ہوسکے گی۔میڈیارپورٹس کے مطابق ہوم آفس نے نئے منصوبے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا ہے کہ سرحد پر حکام کو تارکین وطن کے فون ضبط کرنے کے اختیارات بھی حاصل ہوں گے تاکہ وہ یہ جان سکیں کہ سمندر عبور کرنے میں ان کی مدد کس نے کی ہے۔ایسے افراد جو کشتی کی تیاری کے جرم میں گرفتار ہوں گے انھیں 14 برس تک کی سزا کا سامنا ہوگا، لیبر حکومت کے منصوبے میں سابقہ حکومت کے چند اقدامات کو برقرار رکھا گیا ہے جیسا کہ تارکین وطن کو طویل عرصہ تک حراست میں رکھنا یا اگر کوئی تارکین وطن کہے کہ اسے برطانیہ غلامی کے لیے لایا گیا تو اسے قیام کی اجازت دینا۔