خالدہ ضیا کی طبیعت انتہائی ناساز، انتہائی نگہداشت وارڈ میں داخل

سابق وزیر اعظم بنگلہ دیش کو پھیپھڑوں کے انفیکشن اور سانس لینے میں تکلیف 
بیرون ملک علاج کے حوالے سے فیصلہ میڈیکل بورڈ کی حتمی سفارش پر کیا جائیگا ،تیاریاں مکمل 
ڈھاکہ(خصوصی رپورٹ) بنگلہ دیش کی سابق وزیراعظم خالدہ ضیا کو طبیعت انتہائی ناساز ہونے پر ہسپتال کے انتہائی نگہداشت وارڈ میں داخل کر لی گئیں،۔بنگلہ دیش کی 80 سالہ سیاستدان خالدہ ضیا کے ذاتی معالج ڈاکٹر زاہد حسین نے بتایا ہے کہ بی این پی کی چیئرپرسن بیگم خالدہ ضیا کے بیرون ملک علاج کے حوالے سے فیصلہ میڈیکل بورڈ کی حتمی سفارش پر کیا جائے گا، انہیں بیرون ملک منتقل کرنے کی تمام تیاریاں مکمل ہیں۔ڈاکٹر زاہد کے مطابق 3 روز سے خالدہ ضیا کی حالت میں کوئی تبدیلی نہیں آئی تاہم ہسپتال انتظامیہ نے ان کے لیے بہترین ممکنہ سہولیات فراہم کر رکھی ہیں اور دوائیاں اپنا کام کر رہی ہیں۔اس سے قبل بی این پی کے سیکرٹری جنرل مرزا فخر الاسلام عالمگیر نے بتایا کہ خالدہ ضیا کو بیرون ملک منتقل کرنے کی تمام تیاریاں مکمل ہیں، تاہم ان کی موجودہ صحت سفر کی متحمل نہیں ہو سکتی، اگر طبی حالت بہتر ہوئی تو بیرون ملک علاج کا فیصلہ دوبارہ زیر غور لایا جائے گا۔خالدہ ضیا کو پھیپھڑوں کے انفیکشن اور سانس میں تکلیف کے باعث ایورکیئر ہسپتال منتقل کیا گیا تھا، جہاں بعد ازاں انہیں نمونیا کی تشخیص ہوئی، وہ گردوں، جگر، آرتھرائٹس اور ذیابیطس سمیت متعدد پیچیدہ امراض کا سامنا کررہی ہیں جس کے باعث علاج مزید مشکل ہو گیا ہے۔