خیبرپختونخوا حکومت منشیات کی سمگلنگ اور دہشت گردوں کو پروموٹ کر رہی ہے، انکی زیرنگرانی منشیات کی سمگلنگ ہو رہی ہے جس کا پیسہ دہشت گردی کیلئے استعمال ہوتا ہے
پی ٹی آئی کو معرکہ حق کی کامیابی ہضم نہیں ہور ہی ،عمران خان کی بہنیں بھارتی چینلز پر ملک کو بدنام کر رہی ہیں، انہیں چلو بھر پانی میں ڈوب مرنا چاہیے :وفاقی وزیر اطلاعات
لاہور(آئی این پی ) وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تار ڑ نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں دہشت گردی اور سیاست کا گٹھ جوڑ موجود ہے، آج بھی افغان طالبان کی حمایت میں بیانات دئیے جا رہے ہیں، خیبرپختونخوا حکومت منشیات کی سمگلنگ اور دہشت گردوں کو پروموٹ کر رہی ہے، صوبائی حکومت کی زیرنگرانی منشیات کی سمگلنگ ہو رہی ہے جس کا پیسہ دہشت گردی کیلئے استعمال ہوتا ہے،بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہنیں بھارتی چینلز پر جاکر ملک کو بدنام کر رہی ہیں، انہیں چلو بھر پانی میں ڈوب مرنا چاہیے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے اتوار کو لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ عطا تارڑ کا کہنا تھا بانی پی ٹی آئی عمران خان نے شہباز شریف پر جھوٹا الزام لگایا تھا، عدالت میں پیش ہو کر پی ٹی آئی کے وکیل کے سوالوں کا جواب دیا، بانی پی ٹی آئی نے شہباز شریف پر الزامات مختلف فورمز پر دہرائے۔انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے جتنے فیصلے تھے روحانیت کا لبادہ اوڑھے ان کی اہلیہ کرتی تھیں، تمام معاشی اور سیاسی فیصلے ان کی اہلیہ کرتی تھیں، آج دنیا کے جریدے کہہ رہے ہیں کہ بانی کے فیصلوں کے پیچھے جھوٹ اور بہتان کا پورا نظام تھا۔ان کا کہنا تھا بانی پی ٹی آئی نے 2017 کے دھرنوں کے دوران بھی جھوٹے الزامات لگائے، بانی پی ٹی آئی بشری بی بی کے کہنے پر حکومتی فیصلے کیا کرتے تھے، بانی پی ٹی آئی کی سیاست منافقت، جھوٹ اور بہتان کے سوا کچھ نہیں تھی۔وفاقی وزیر کا کہنا تھا وانا کیڈٹ کالج کا واقعہ، اے پی ایس پشاور سے بڑا سانحہ ہو سکتا تھا، وانا میں پاک فوج نے کامیاب آپریشن کر کے 500 سے زائد طلبا کو بازیاب کرایا، وانا کیڈٹ کالج پر پاک فوج نے مہارت اور بہادری سے آپریشن کیا، ہماری پاک فوج اور ہماری فورسز خراج تحسین کے لائق ہیں۔ان کا کہنا تھا پاکستان ہمیشہ سے امن کا داعی ہے، ہم ہر دہشتگرد کا پیچھا کر رہے ہیں، کسی کی پسند اور ناپسند سے فیصلے نہیں ہوں گے، ملک آئین اور قانون کے تحت چل رہا ہے۔وفاقی وزیر کا کہنا تھا پی ٹی آئی کا مطالبہ غیر قانونی ہے، یہ مٹھی بھر لوگ ہیں اور روز غیر لا اینڈ آرڈر کی صورتحال پیدا کرتے ہیں، امن و امان کی صورتحال خراب کر کے کسی سے ملاقات نہیں ہوسکتی، پی ٹی آئی کے تمام سوشل اکائونٹس بھارت اور افغانستان سے چل رہے ہیں، یہ لوگ بھارت اور افغانستان سے مہم چلوا کر خود ایکسپوز ہورہے ہیں، یہ لوگ دشمنوں کے ساتھ ملکر سازشیں کرتے ہیں، گالیوں، مہم اور الزامات سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں کو مقامی علاقوں میں پناہ ملتی ہے، دہشتگردی کے کیسز کی تعداد 4ہزار سے تجاوز کرگئی، پراسکیوشن کا سسٹم صوبائی حکومت کے ماتحت ہے، وزیراعلی خیبرپختونخوا کو اڈیالہ کے باہر نعرے لگانے آتے ہیں لیکن پراسکیوشن کے سپیلنگ نہیں آتے، خیبرپختونخوا میں پراسکیوشن بالکل فیل ہے۔عطا تارڑ نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت گزشتہ 12سال میں پراسکیوشن کا نظام بناکر دہشتگردوں کو سزا نہیں دلواسکی، پچھلے 3سال میں دہشت گردوں کے خلاف مقدمات میں کسی ایک پر سزا نہیں ہوئی۔انہوں نے کہا کہ ہزاروں کی تعداد میں نان کسٹم پیڈ گاڑیاں کے پی کے میں چل رہی ہیں، پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کا سدباب نہ کر سکی