بالی ووڈ کے معروف فلمساز شیلندر سنگھ نے سلمان خان سے متعلق ایک دلچسپ اور حیران کن واقعہ بیان کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ اداکار ایک جانب بریانی کھا رہے تھے، جبکہ دوسری جانب ان کے بالوں کے علاج کے لیے سر میں انجیکشن لگائے جا رہے تھے۔
شیلندر سنگھ نے حال ہی میں سائرس بروچا کو دیے گئے ایک انٹرویو میں بتایا کہ یہ واقعہ اس وقت کا ہے جب وہ ممبئی میں سلمان خان کی رہائش گاہ پر ان سے ملاقات کے لیے گئے تھے۔ ان کے مطابق وہاں انہوں نے سلمان خان کو ایک ایسے ہیئر ٹریٹمنٹ سے گزرتے دیکھا جو اس وقت بھارت میں متنازع یا غیر قانونی سمجھا جاتا تھا۔فلمساز کے مطابق سلمان خان کھانے کی میز پر بیٹھ کر بریانی کھا رہے تھے اور سامنے لگے آئینے میں خود کو دیکھ رہے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ سلمان کو آئینے کے سامنے بیٹھ کر کھانا پسند ہے اور وہ اکثر سامنے موجود افراد سے بھی آئینے کے ذریعے گفتگو کرتے ہیں۔شیلندر سنگھ نے بتایا کہ اسی دوران ایک شخص کمرے میں داخل ہوا، اس نے دستانے پہنے، سرنج تیار کی اور سلمان خان کی سر کی جلد میں انجیکشن لگانا شروع کر دیا، جبکہ سلمان خان سکون سے کھانا کھاتے رہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ منظر دیکھ کر وہ حیران رہ گئے اور ان کے ذہن میں سوال پیدا ہوا کہ آخر یہ کیا ہو رہا ہے۔ اس پر سلمان خان نے مسکراتے ہوئے کہا، "اسٹار بننے کی ایک قیمت تو ادا کرنی پڑتی ہے، بھائی۔"بعد ازاں شیلندر سنگھ کو معلوم ہوا کہ سلمان خان پلیٹلیٹ رچ پلازما (PRP) تھراپی کروا رہے تھے، جو بالوں کے جھڑنے کے علاج میں استعمال ہونے والا ایک معروف طریقہ ہے۔ اس علاج میں مریض کے اپنے خون سے حاصل کیے گئے پلازما کو سر کی جلد میں انجیکٹ کیا جاتا ہے تاکہ بالوں کی نشوونما میں مدد مل سکے۔