امریکی سرمایہ کاروں کی دلچسپی پنجاب پر اعتماد کا اظہار ہے، مریم نواز

امریکی سرمایہ کاروں کی دلچسپی پنجاب پر اعتماد کا اظہار ہے، مریم نواز

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ امریکی سرمایہ کاروں کی پنجاب آمد صوبے میں بحال ہوتے ہوئے سرمایہ کاروں کے اعتماد کا واضح ثبوت ہے، جبکہ پاکستان اور امریکا کے درمیان اقتصادی تعاون کو مزید وسعت دینے کا یہ بہترین موقع ہے۔

امریکا سے آئے اعلیٰ سطح کے کاروباری وفد سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب نے وفد کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ حالیہ بارشوں کے بعد تاریخی شہر لاہور پہلے سے زیادہ خوبصورت دکھائی دے رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکا طویل عرصے سے پاکستان کا اہم اقتصادی شراکت دار رہا ہے، تاہم اب دونوں ممالک کے تعلقات کو سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی، جدت اور نجی شعبے کے باہمی تعاون کے ذریعے مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔مریم نواز شریف نے اس ملاقات کے انعقاد میں کردار ادا کرنے پر اسپیشل انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل (SIFC) کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب پاکستان کی معیشت کا بنیادی ستون ہے اور ملکی ترقی میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ پنجاب قومی جی ڈی پی میں 55.7 فیصد، مینوفیکچرنگ میں 48 فیصد جبکہ خدمات کے شعبے میں 57.4 فیصد حصہ ڈالتا ہے۔ ان کے مطابق تقریباً 13 کروڑ آبادی پر مشتمل پنجاب پاکستان کا سب سے بڑا صوبہ ہے، جہاں 65 فیصد آبادی کی عمر 30 سال سے کم ہے، جو سرمایہ کاری اور اقتصادی ترقی کے لیے ایک مضبوط انسانی سرمایہ ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب گندم، چاول، مکئی اور کماد جیسی اہم زرعی فصلوں کی پیداوار کا مرکز ہے، جبکہ صوبہ پاکستان کی ڈیجیٹل معیشت کو فروغ دینے میں بھی نمایاں کردار ادا کر رہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب پاکستان کا پہلا صوبہ ہے جہاں آرٹیفیشل انٹیلی جنس اتھارٹی قائم کی گئی ہے۔ سرمایہ کاروں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے حکومت "ون گورنمنٹ، ون ونڈو" ماڈل کے تحت تیز، شفاف اور مؤثر خدمات فراہم کر رہی ہے تاکہ سرمایہ کاری کے عمل کو مزید آسان اور مؤثر بنایا جا سکے۔