دفاع کا موقع دیئے بغیر کرایہ دار کی بے دخلی انصاف کے منافی ہے: لاہورہائیکورٹ

لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس مزمل اختر شبیر  نے رینٹ ٹربیونل کا فیصلہ کالعدم قراردیدیا، درخواستیں دوبارہ میرٹ پر سننے کا حکم 
لاہور(زیڈ این این)لاہور ہائیکورٹ نے کرایہ داری کے مقدمات سے متعلق ایک اہم اور نظیر بننے والا فیصلہ جاری کرتے ہوئے کرایہ دار کی بے دخلی کے احکامات کالعدم قرار دے دیے۔ عدالت نے قرار دیا کہ کسی بھی کرایہ دار کو مؤثر دفاع کا موقع دیے بغیر بے دخلی کا حکم برقرار نہیں رکھا جا سکتا اور ایسا فیصلہ انصاف کے بنیادی تقاضوں کے منافی ہے۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس مزمل اختر شبیر نے شہری محمد وسیم طاہر کی درخواست پر 14 صفحات پر مشتمل تفصیلی فیصلہ جاری کیا، جس میں کرایہ داری کے مقدمات میں منصفانہ سماعت اور قانونی حقِ دفاع کی اہمیت پر زور دیا گیا۔عدالت نے اپنے فیصلے میں قرار دیا کہ لیو ٹو کنٹسٹ کی درخواست تاخیر کا شکار نہیں تھی، کیونکہ اس کی مدت کا آغاز نوٹس کی وصولی سے نہیں بلکہ عدالت میں مقررہ پہلی پیشی کی تاریخ سے ہوگا۔ اس لیے رینٹ ٹربیونل کی جانب سے درخواست کو تاخیر کی بنیاد پر مسترد کرنا قانون کے مطابق نہیں تھا۔