سی ای او کے الیکٹرک مونس علوی کو عہدے سے ہٹانے کا فیصلہ معطل

سی ای او کے الیکٹرک مونس علوی کو عہدے سے ہٹانے کا فیصلہ معطل

ویب ڈیسک: سندھ ہائیکورٹ نے سی ای او کے الیکٹرک مونس علوی کو عہدے سے ہٹانے سے متعلق صوبائی محتسب کا فیصلہ معطل کردیا۔

جسٹس فیصل کمال عالم اور جسٹس حسن اکبر پر مشتمل بینچ کے روبرو کیس کی سماعت ہوئی۔ مونس علوی اپنے وکیل بیرسٹر عابد زبیری کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے۔وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ صوبائی محتسب کے پاس شکایت سننے کا اختیار نہیں، سندھ میں وفاقی قانون لاگو ہوتا ہے اور وفاقی محتسب کو کیس کی سماعت کا اختیار ہے۔ انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ صوبائی محتسب کے فیصلے کو کالعدم قرار دیا جائے۔عدالت نے صوبائی محتسب کا مونس علوی کو عہدے سے ہٹانے کا فیصلہ آئندہ سماعت تک معطل کرتے ہوئے مونس علوی کو 25 لاکھ روپے جرمانے کی رقم ناظر سندھ ہائیکورٹ کے پاس جمع کرانے کا حکم دیا۔

عدالت نے صوبائی محتسب اور شکایت کنندہ کو 8 اگست کے لیے نوٹس جاری کردیے۔واضح رہے کہ صوبائی محتسب نے گزشتہ روز مونس علوی پر خاتون کو ہراساں کرنے کا جرم ثابت ہونے پر انہیں عہدے سے ہٹانے اور 25 لاکھ روپے جرمانہ عائد کرنے کا حکم دیا تھا۔ یہ شکایت کے الیکٹرک کی سابق چیف مارکیٹنگ آفیسر مہرین زہرہ نے درج کرائی تھی۔