بجلی چوری میں ملوث 430 افراد گرفتار،مقدمات درج

ملکی وسائل کو نقصان پہنچانے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں:۔سی سی پی او بلال
 لاہور(کرائم رپورٹر) لاہور پولیس نے بجلی چوری کے خلاف کارروائیوں میں تیزی لاتے ہوئے ماہِ مارچ کے دوران بجلی چوری میں ملوث 430 افراد کو گرفتار کر لیا۔ ترجمان لاہور پولیس  کے مطابق رواں سال اب تک بجلی چوری میں ملوث 4,220 افراد کو قانون کے کٹہرے میں لایا جا چکا ہے۔ترجمان کے مطابق بجلی چوری کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران 3,960 مقدمات درج کیے گئے ہیں، جبکہ لاہور پولیس اس سلسلے میں متعلقہ محکموں کو بھرپور معاونت فراہم کر رہی ہے۔سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے کہا ہے کہ بجلی چوری میں ملوث عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری ہیں اور ملکی وسائل کو نقصان پہنچانے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ ملوث افراد کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائیاں جاری رکھی جائیں۔سی سی پی او لاہور کا کہنا تھا کہ بجلی چوری قومی معیشت کو نقصان پہنچانے کا سبب بنتی ہے، اس لیے ایسے عناصر کے خلاف سخت قانونی اقدامات ناگزیر ہیں۔