وفاقی وزیر مواصلات اور صدر استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) عبدالعلیم خان نے انتظامی اصلاحات کی حمایت کرتے ہوئے ملک میں نئے صوبوں کے قیام کی تجویز پیش کر دی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں عبدالعلیم خان نے کہا کہ بڑھتی آبادی اور انتظامی ضروریات کے پیش نظر ہر صوبے کو تین انتظامی یونٹس میں تقسیم کیا جانا چاہیے۔انہوں نے تجویز دی کہ موجودہ صوبوں کو نارتھ، سینٹرل اور ساؤتھ کے نام سے تین حصوں میں تقسیم کیا جائے، جس سے علاقوں کی تاریخی اور ثقافتی شناخت بھی برقرار رہے گی۔عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ نئے صوبوں کے قیام سے عوامی مسائل مقامی سطح پر حل ہوں گے اور شہریوں کو چھوٹے کاموں کے لیے دور دراز دارالحکومتوں کا سفر نہیں کرنا پڑے گا۔انہوں نے کہا کہ نئے صوبے بننے سے انتظامی ادارے زیادہ مؤثر انداز میں کام کر سکیں گے اور چیف سیکریٹری، آئی جی اور ہائی کورٹس عوام کو بہتر اور فوری سہولیات فراہم کر سکیں گے۔صدر آئی پی پی نے کہا کہ نئے صوبوں کا قیام ملک کو تقسیم نہیں کرے گا بلکہ قومی یکجہتی، معاشی ترقی اور متوازن ترقی کے عمل کو مضبوط کرے گا۔ ان کے مطابق کئی دہائیوں سے یہ معاملہ سیاسی نعروں تک محدود رہا، اب اسے عملی شکل دینے کا وقت آ گیا ہے۔