پنجاب کی ہارٹیکلچر ایجنسیاں مالی بحران اور انتظامی مسائل کا شکار

پنجاب کی ہارٹیکلچر ایجنسیاں مالی بحران اور انتظامی مسائل کا شکار

پنجاب میں گرین بیلٹس اور پارکوں کی دیکھ بھال کے لیے قائم کیے جانے والے نئے ادارے شدید مالی بحران اور انتظامی مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔

 ذرائع کے مطابق صوبے کے 21 اضلاع میں ہارٹیکلچر ایجنسیاں تو قائم کر دی گئی ہیں، لیکن ان کے لیے مستقل بجٹ کی منظوری ابھی تک نہیں دی گئی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ان ایجنسیوں کو چلانے کے لیے سالانہ تقریباً 14 ارب روپے درکار ہیں، لیکن فنڈنگ کے لیے کوئی واضح اور مستقل انتظام موجود نہیں۔ ابتدائی طور پر ہر ایجنسی کو 25 کروڑ روپے فراہم کیے گئے، جو صرف چند ماہ کے اخراجات پورے کرنے کے لیے کافی ہیں۔

کئی شہروں میں ایجنسیاں مستقل سربراہ کے بغیر چل رہی ہیں اور بھرتیوں پر پابندی کے باعث عملے کی کمی بھی شدید ہے۔ علاوہ ازیں، وائس چیئرمین کی تعیناتی نہ ہونے کی وجہ سے ادارے کی قیادت بھی مکمل نہیں ہے۔ذرائع کے مطابق حکومت مزید اضلاع میں ہارٹیکلچر ایجنسیاں قائم کرنے کا منصوبہ بنا رہی ہے، لیکن موجودہ ادارے مالی دباؤ اور انتظامی مسائل کی وجہ سے پہلے ہی مشکلات کا شکار ہیں۔