طلبا رزلٹ کارڈ کے حصول کیلئے دھکے کھانے پر مجبور،ایجوکیشن بورڈ کا دو دن میں اجراء کا دعویٰ
لاہور (خصوصی رپورٹ)میٹرک کے ہزاروں ریگولر طلبا و طالبات اپنے رزلٹ کارڈ کے حصول کے لیے دربدر کی ٹھوکریں کھا رہے ہیں۔ تعلیمی بورڈ کی جانب سے تاحال ریگولر امیدواروں کو رزلٹ کارڈز جاری نہیں کیے جا سکے، جس کے باعث انہیں کالجز میں داخلہ فارم جمع کرانے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔طلبا و طالبات روزانہ کی بنیاد پر سرکاری و نجی اسکولوں میں رزلٹ کارڈ لینے کے لیے چکر لگا رہے ہیں، مگر انہیں کوئی تسلی بخش جواب نہیں مل رہا۔ واضح رہے کہ میٹرک کے سالانہ امتحانات کے نتائج کا اعلان 24 جولائی کو کیا گیا تھا، تاہم ایک ہفتہ گزرنے کے باوجود امیدواروں کو رزلٹ کارڈز مہیا نہیں کیے جا سکے۔اس صورتحال پر سکول سربراہان نے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بورڈ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ رزلٹ کارڈز فوری طور پر جاری کیے جائیں تاکہ طلبا کا تعلیمی سال ضائع ہونے سے بچایا جا سکے۔دوسری جانب بورڈ حکام کا مؤقف ہے کہ رزلٹ کارڈز کی پرنٹنگ کا عمل تیزی سے جاری ہے اور آئندہ ایک سے دو روز میں تمام رزلٹ کارڈز سکولوں کو بھجوا دیے جائیں گے۔