کیرالہ: مصروف سڑک پر بزرگ خاتون کی نماز، پولیس حرکت میں آگئی

کیرالہ: مصروف سڑک پر بزرگ خاتون کی نماز، پولیس حرکت میں آگئی

بھارتی ریاست کیرالہ کے ضلع پالکڑ میں ایک بزرگ خاتون کی مصروف سڑک کے درمیان نماز پڑھنے کی ویڈیو وائرل ہو گئی، جس کے بعد پولیس نے فوری کارروائی کی۔

ذرائع کے مطابق خاتون نے اچانک سڑک کے درمیان نماز ادا کرنا شروع کر دی، جس کے باعث ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی اور گاڑیوں نے رفتار کم کر دی جس سے رش پیدا ہو گیا۔ خاتون نے سفید رنگ کا لباس پہن رکھا تھا۔پولیس اہلکاروں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر خاتون کو ہٹا کر الگ مقام پر منتقل کیا اور کچھ وقت کے لیے حراست میں لیا۔ حکام کے مطابق خاتون کی عمر تقریباً 60 سال ہے اور وہ زمین کے تنازعے کے باعث اپنے شوہر کے خاندان کے خلاف کئی سرکاری دفاتر کے چکر لگا چکی تھیں۔پولیس کے مطابق خاتون کی جذباتی اور پریشان کن صورتحال کے پیش نظر، یہ اقدام احتجاج کے طور پر اٹھایا گیا لگتا ہے۔ ممکن ہے کہ ان کی ذہنی حالت بھی مکمل طور پر درست نہ ہو۔حکام نے بتایا کہ خاتون کے خلاف مقدمہ درج نہیں کیا گیا اور ان کے بھائی کو تھانے بلوایا گیا۔ خاتون کو وارننگ دے کر ان کے ساتھ روانہ کر دیا گیا۔