اسحاق ڈار سے آذربائیجان کے صدر کے خصوصی نمائندے کی ملاقات ، دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا
اسلام آباد(آن لائن)نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے آذربائیجان کے صدر کے خصوصی نمائندے خلیف خلیفوف نے ملاقات کی۔ اس اہم ملاقات میں علاقائی صورتحال اور دوطرفہ برادرانہ تعلقات کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات کے دوران آذربائیجان کے خصوصی نمائندے نے نائب وزیراعظم کو 'کانفرنس آن انٹرایکشن اینڈ کانفیڈنس بلڈنگ میڑرز ان ایشیا (CICA) کی صدارت کے تحت جاری منصوبوں اور مستقبل کے حوالے سے طے شدہ اقدامات پر جامع بریفنگ دی۔ انہوں نے تنظیم کے ذریعے علاقائی استحکام کے لیے آذربائیجان کے وژن سے بھی آگاہ کیا۔ نائب وزیراعظم سینیٹر اسحاق ڈار نے سی آئی سی اے کے پلیٹ فارم پر آذربائیجان کے قائدانہ کردار کی تعریف کی اور علاقائی تعاون کے فروغ کے لیے ان کی کوششوں کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن اور اقتصادی استحکام کے لیے آذربائیجان کے ساتھ مل کر کام کرنے کا عزم رکھتا ہے۔