برطانیہ: چیمپیئنز لیگ میچ کے دوران 21 افراد گرفتار

برطانیہ: چیمپیئنز لیگ میچ کے دوران 21 افراد گرفتار

برمنگھم:برطانیہ کے آسٹن ولا گراؤنڈ میں چیمپیئنز لیگ کے بڑے مقابلے کے دوران پولیس نے مختلف الزامات میں 21 افراد کو گرفتار کر لیا۔

پولیس کے مطابق آسٹن ولا پارک میں ہونے والے میچ کے دوران گرفتار کیے گئے افراد میں سے 19 کا تعلق اسکاٹش فٹبال کلب سیلٹک کے پرستاروں سے تھا۔ویسٹ مڈلینڈز پولیس کے مطابق گرفتاریاں مختلف الزامات کے تحت کی گئیں، جن میں پُرتشدد ہنگامہ آرائی، ایک دوسرے پر حملے، کلاس اے منشیات رکھنے، میچ کے دوران آتش بازی کا سامان پچ پر پھینکنے اور جعلی ٹکٹیں فروخت کرنے جیسے جرائم شامل ہیں۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ زیادہ تر شائقین نے پرامن طریقے سے میچ دیکھا، تاہم چند افراد نے ایونٹ کو داغدار کرنے کی کوشش کی۔

اس موقع پر ویسٹ مڈلینڈز پولیس کے سپرنٹنڈنٹ جیک ہیڈلی نے کہا کہ، "ہم نے آسٹن ولا کے خلاف چیمپیئنز لیگ کے اس بڑے مقابلے کے لیے برمنگھم میں سیلٹک کے شائقین کا خیرمقدم کیا۔ ہمارے شہر میں اتنی بڑی تعداد میں مداحوں کا آنا خوش آئند ہے، لیکن قانون ہاتھ میں لینے کی کسی کو اجازت نہیں دی جا سکتی۔"پولیس کے مطابق میچ کے دوران سیکیورٹی سخت رکھی گئی تھی، اور نظم و ضبط قائم رکھنے کے لیے حکام کو فوری کارروائی کرنا پڑی۔ پولیس نے مزید کہا کہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے مزید اقدامات کیے جائیں گے۔