ملتان میں معمر شہری پر پولیس افسر کے تشدد کا واقعہ سامنے آیا جس کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے فوری طور پر کارروائی کرتے ہوئے پولیس افسر کو معطل کر کے گرفتار کرنے کا حکم دیا۔
مریم نواز نے اس واقعہ کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے آئی جی پنجاب سے رپورٹ طلب کی۔انہوں نے کہا کہ پولیس کو شہریوں کے ساتھ عزت و احترام سے پیش آنا چاہیے اور تشدد کے کسی بھی واقعہ کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ مریم نواز کا کہنا تھا کہ پولیس کی عزت ہوتی ہے، لیکن اس کا یہ مطلب نہیں کہ عام شہری کی عزت نہ ہو۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ انہیں ہر شہری کی عزت نفس کا احساس ہے اور وہ کسی بھی صورت میں ظلم و زیادتی کی اجازت نہیں دیں گی۔واقعہ کے بارے میں مزید تفصیلات سامنے آئیں کہ ملتان میں ایک معمر شہری پر پولیس افسر نے تشدد کیا تھا، جس کی فوٹیج سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔ مریم نواز نے فوٹیج دیکھنے کے بعد فوری کارروائی کی اور کہا کہ شہریوں کے ساتھ انصاف کی فراہمی میں کوئی کوتاہی نہیں برتی جائے گی۔