لاہور: ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے دفتر میں کھلی کچہری کے دوران شہریوں کی شکایات براہِ راست سنیں اور متعلقہ افسران کو مکمل جانچ کے بعد شکایات کے ازالے کے لیے کارروائی کی ہدایات جاری کردیں۔
کھلی کچہری میں ایک شہری نے اپنے بزرگ والد پر سگے بیٹوں اور بہوؤں کے مبینہ تشدد کی شکایت کی، جس پر والدین پروٹیکشن ایکٹ کے تحت کارروائی کے لیے ایس ایچ او مغلپورہ کو ہدایت جاری کی گئی۔لین دین میں فراڈ کی شکایات پر متعلقہ ایس ایچ اوز کو کارروائی کا حکم دیا گیا، جبکہ وراثتی جائیداد اور جعلی ڈگری سے متعلق شکایات پر انکوائریاں مارک کردی گئیں۔سود خوری کی شکایات پر ایس ایچ اوز باغبانپورہ اور لاری اڈا کو کارروائی کی ہدایت کی گئی۔ پولیس اہلکاروں کے خلاف شکایات پر بھی انکوائریاں مارک کردی گئیں، جبکہ ایس پی اقبال ٹاؤن اور ایس ڈی پی او شاہدرہ سے انکوائری رپورٹس طلب کرلی گئی ہیں۔آبائی قبرستان پر قبضے کی شکایت پر ایس ایچ او نواب ٹاؤن کو کارروائی کی ہدایت کی گئی۔ اقدام قتل کے مقدمے کے مدعی کو مقدمے سے دستبرداری کے لیے دھمکیاں ملنے کی شکایت پر اسے تحفظ فراہم کرنے کا حکم بھی دیا گیا۔ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے کہا کہ شہریوں کی شکایات کا فوری ازالہ پولیس کی اولین ترجیح ہے۔