وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے میں جائیدادوں پر ناجائز قبضوں کے خلاف سخت کارروائی کا اعلان کیا ہے۔
انہوں نے لاہور میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے واضح کیا کہ ہر فیصلہ فوری نافذ کیا جائے گا اور ہر شہری کی جائیداد کو محفوظ بنایا جائے گا۔انہوں نے ہدایت دی کہ بے سہارا بیواؤں کی ملکیتی زمینوں پر قبضوں کے کیسز کو فوری طور پر نمٹا کر متاثرہ خواتین کو ترجیحی انصاف فراہم کیا جائے۔اجلاس کے دوران بتایا گیا کہ گزشتہ تین ہفتوں میں صوبے بھر سے ناجائز قبضوں کے خلاف 2919 درخواستیں موصول ہوئیں، جن میں سے 499 کیسز ڈسٹرکٹ ڈسپیوٹ ریزولیشن کمیٹیوں نے حل کیے۔وزیراعلیٰ نے سست روی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے خاص طور پر گجرات، لیہ، حافظ آباد اور دیگر اضلاع میں قبضہ کیسز کے فیصلوں میں تاخیر پر ناپسندیدگی ظاہر کی۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت دی کہ وہ روزانہ قبضہ مخالف کارروائیوں کے حوالے سے اجلاس کریں اور پیش رفت سے متعلق رپورٹ روزانہ وزیراعلیٰ آفس بھیجیں۔
مریم نواز نے اس عمل کی براہ راست مانیٹرنگ کا بھی اعلان کیا اور آرڈیننس کے مکمل نفاذ کا حکم دیا تاکہ ناجائز قبضوں کے خلاف کارروائی موثر اور تیز رفتار بنائی جا سکے۔صوبے کی ہر تحصیل میں اسسٹنٹ کمشنر آفس کو ہدایت کی گئی کہ وہ قبضہ شکایات کی درخواستیں فوری وصول کریں، اور عوام کو حکومتی اقدامات سے آگاہ کرنے کے لیے مساجد میں بھی اعلانات کروائے جائیں گے۔وزیراعلیٰ کا کہنا ہے کہ ناجائز قبضہ کیسز کے فوری حل سے عوام کو حقیقی ریلیف ملے گا اور حکومت اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کرے گی۔