محکمۂ انسدادِ دہشت گردی (سی ٹی ڈی) خیبر پختون خوا نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ 2025ء کے ابتدائی مہینے میں صوبے میں دہشت گردوں کے خلاف بڑے اقدامات کیے گئے ہیں۔
جنوری 2025ء کے دوران 179 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے گئے، جن میں 10 دہشت گرد ہلاک ہوئے اور 72 کو گرفتار کر لیا گیا۔رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ 2023ء میں دہشت گردوں کے خلاف 2,531 آپریشن کیے گئے، جن میں 300 دہشت گرد ہلاک اور 917 گرفتار ہوئے، جبکہ 44 کے سروں کی قیمت مقرر کی گئی تھی۔ 2024ء میں دہشت گردوں کے خلاف 3,238 آپریشنز کیے گئے اور ان میں دہشت گردوں کے قبضے سے 12 کلو سونا بھی برآمد ہوا۔رواں ماہ لکی مروت میں کالعدم تنظیم کے تین انتہائی مطلوب دہشت گردوں کو گرفتار کیا گیا۔ سی ٹی ڈی کے جدید اقدامات میں ضلعوں کی سطح پر سینٹرل انٹیلی جنس ہیڈ کوارٹرز کا قیام، جدید ہتھیاروں اور ڈرونز کیمروں کی فراہمی اور سی ٹی ڈی کی ریجنز کی تعداد میں اضافہ شامل ہے۔یہ اقدامات خیبر پختون خوا میں دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں کی شدت اور اہمیت کو ظاہر کرتے ہیں۔